رہنمائوں اور کارکنوں کی لاہورسے منتقلی، پی ٹی آئی کا جیلوں کے باہر کیمپ لگانے کا فیصلہ
لاہو ر( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک میں گرفتار ہونے والے رہنمائوں اور کارکنان کی لاہور سے منتقلی پر جیلوں کے باہر کیمپ لگانے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور سے جیل بھرو تحریک میں پی ٹی آئی کے گرفتار ہونے والے رہنمائوں اور کارکنان قیدی وینز کے ذریعے لاہور سے باہر لے جایا جارہا ہے۔ جس کے بعد تحریک انصاف نے جیلوں کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے کی کال دے دی ہے۔اس حوالے سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور سے 214کارکن گرفتار ہوئے لیکن صرف 81 کی گرفتاری ظاہر کی جارہی ہے، باقی گرفتار کارکنوں کے بارے نہیں بتایاجارہا۔فواد چوہدری نے کہا کہ جن جیلوں میں قائدین اور کارکنان ہوں گے وہاں مقامی تنظیمیں کیمپ لگائیں گی اور کارکن ان تمام جیلوں کے باہر صدائے احتجاج بلند کریں گے۔دوسری جانب کوٹ لکھپت جیل کی جانب سے پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنان کی لسٹ جاری کردی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 77کارکنان گرفتار کیے گئے، اور گرفتاررہنمائوں میں شاہ محمود، اسدعمر، اعظم سواتی اور دیگر شامل ہیں۔