میشا شفیع پر ویڈیو لنک کے ذریعے جرح ‘ جو تصویر فیس بک پر اپ لوڈ کی اسے کیسے ہراسگی کہہ سکتی ہیں‘ وکیل
لاہور (خبر نگار) لاہور کی مقامی عدالت نے گلوکار علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوی پر اداکارہ کے بیان پر مزید جرح یکم مارچ تک ملتوی کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے دعویٰ پر سماعت کی تو گلوکار علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے، علی ظفر کے وکیل نے ویڈیو لنک کے ذریعے میشا شفیع پر جرح کی۔ وکیل نے جرح کے دوران نشاندہی کی کہ آپ نے ایک تصویر عدالت میں پیش کی جس کو آپ نے جنسی ہراسگی کا الزام لگایا یہ تصویر آپ نے اپنے فیس بک اکائونٹ پر خود اپ لوڈ کی۔ اس کا کیپشن لکھا کہ آج رات پارٹی ہو گی۔ طارق گل ایڈووکیٹ نے پوچھا کہ جو تصویر آپ کیپشن کے ساتھ اپ لوڈ کر رہی ہیں اسے کیسے ہراسگی کہہ سکتی ہیں اس پر میشا شفیع نے جواب دیا کہ انہیں یاد نہیں تصویر دیکھ کر کچھ بتائیں گی۔ عدالت میں میشا شفیع کے فیس بک اکاونٹ پر تصویر کھول کر دکھائی گئی۔ علی ظفر کے وکیل نے یہ بھی پوچھا کہ آپ نے پاکستان آ کر کہا تھا کہ آپ کو عدالت نے کبھی نہیں بلایا کیا آپ نے جان بوجھ کر غلط بیانی کی جس پر میشا شفیع نے کہا کہ میڈیا سے گفتگو میں غلطی سے یہ جملہ اْن کے منہ سے نکلا جنسی ہراساں کا الزام عائد کرنے پر علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔