نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کی زیرِ صدارت ڈی جی پی آر آفس میں اہم اجلاس
لاہور(نیوز رپورٹر)نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کی زیرِ صدارت اجلاس میں محکمہ تعلقات عامہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ڈیجیٹلائز کرنے اور افسران کی سنیارٹی کی بنیاد پر تعیناتیوں کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز آفس میں ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن وکلچر علی نواز ملک، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن فرحت جبیں، ڈائریکٹر جنرل روبینہ افضل و دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے کہا کہ محکمہ تعلقات عامہ کو جدید خطوط پر استوار اور حکومتی پالیسی کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ بہاراں اور پی ایس ایل کی مؤثر تشہیر کے لئے اقدامات کے جائیں۔ عامر میر نے میڈیا کے واجبات کی بروقت ادائیگی اور شعبہ اشتہارات میں شفافیت اور غیر جانبداری کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے ڈویڑن کی سطح پر ڈیش بورڈ کے ذریعے افسران کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے اور ڈیجیٹل میڈیا ونگ کو فوری موثر اور فعال بنانے کا حکم دیا۔