لاہورچیمبر آف کامرس کاالخدمت فاونڈیشن کو ترکیہ ، شام خدمات پر خراج تحسین
لاہور ( کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس کی جانب سے ترکیہ میں حالیہ زلزلے میں جانی نقصان پراظہارتعزیت کیلئے ’’ترکیہ سے ہمدردی ‘‘کے عنوان سے ایک تعزیتی سیشن کا انعقاد کیاگیا۔ جس کا مقصد آفات سے نمٹنے اور متاثرہ کمیونٹیز کی امداد ،ان سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکرنا تھا۔ اس سیشن میں لاہورچیمبر آف کامرس کی جانب سے الخدمت فاونڈیشن کو زلزلہ متاثرین کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ نائب صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ ، ترک قونصل جنرل امیر اوزبے، چیمبر آف کامرس کے صدر کاشف انور، ریسکیو 1122 کی ہیڈ کمیونٹی سیفٹی دیبا شہناز اختر ، الخدمت کے رضاکار اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے شرکاء کو ترکیہ میں زلزلہ متاثرہ علاقوں میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کی سرگرمیوں بارے آگاہ کیا۔