غریب نے ’’پیٹ بھرو تحریک‘‘ چلائی تو کچھ نہیں بچے گا:خرم نواز گنڈاپور
لاہور(خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ غریب نے ’’پیٹ بھرو تحریک‘‘ چلائی تو کچھ نہیں بچے گا۔ مہنگائی قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن رہی ہے۔ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے۔ کچے گھروں میں رہنے والوں کی حالتِ زار کی کسی کو خبر اور پروا نہیں ہے۔ پچھلے ایک سال میں ہونے والی مہنگائی نے مڈل کلاس کا وجود ختم کر دیا ہے۔ تنخواہ دار طبقہ فاقوں پر مجبور ہے۔وزیراعظم کہتے ہیں مہنگائی اور بڑھے گی۔مہنگائی اور بے حسی نے ریاست کو بند گلی میں کھڑا کر دیا ہے۔ روپوں میں اجرت لینے والے رورہے ہیں اور جنہوں نے ڈالروں میں بھاری انویسٹمنٹ کررکھی ہے وہ خوش ہیں کیونکہ ان کی دولت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ پاکستان اس وقت الزام، دشنام اور کہرام کاشکار ہے مگر کوئی چھوٹا یا بڑا عہدیدار ٹس سے مس نہیں ہورہا۔ حکمران طبقہ اس طرح مطمئن ہے جیسے ملک میں سب نارمل چل رہا ہے۔ جن لوگوں کے مفادات، اثاثے اور کاروبار بیرون ملک ہیں انہیں پاکستان کے بگڑتے ہوئے حالات کی کوئی پروا نہیں ہے۔