قتل کی دھمکی : رانا ثنا ء کے وارنٹ گرفتاری ، 7مارچ کو پیش کرنے کا حکم
گوجرانوالہ‘ گجرات (فرحان میر سے+ نامہ نگار) چیف سیکرٹری پنجاب اور انکے بچوں کو جان سے مار دینے کی دھمکی دینے کے مقدمہ میں خصوصی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر کے 7 مارچ کو طلب کر لیا۔ فاضل جج نے رانا ثناء اللہ کے خلاف درج مقدمہ کی اخراج رپورٹ خارج کر دی۔ عدالت نے ٹھوس ثبوت کے بغیر اخراج رپورٹ مرتب کرنے پر ایس پی انویسٹی گیشن، ڈی ایس پی اور تفتیشی آفیسر کو شو کاز نوٹس جاری کر دئیے۔ رانا ثناء اللہ کے خلاف تھانہ انڈسٹریل اسٹیٹ فیز 2 گجرات میں مسلم لیگ ق کے مقامی رہنما شیخ شاہکاز کی مدعیت میں 5 اگست 2022 کو مقدمہ درج ہوا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق رانا ثناء اللہ نے 2021 اور 2022 میں نجی ٹی وی چینل پر پروگرام میں اداروں کا گھیرائو کرنے، چیف سیکرٹری پنجاب اور ان کے بچوں کو جان سے مار دینے کی دھمکیوں سمیت دیگر خطرناک الفاظ استعمال کئے تھے۔