ہائیکورٹ بار کے انتخابات آج‘ صدارت کیلئے اشتیاق خاں‘ لہراسب خان میں مقابلہ
لاہور ( سپیشل رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں صدارت کیلئے حامد خان گروپ کے امیدوار چودھری اشتیاق اے خاں اور احسن بھون گروپ کے لہراسب خان کے درمیان مقابلہ آج ہو گا۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2023-24 ، آج 25فروری ہفتہ کو لاہور ہائی کورٹ میں ہو رہے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ بار کے انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ہوں گے۔ لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں نائب صدر کے لیے 6امیدوار آمنے سامنے ہوں گے جن میں چودھری احمد خان گوندل، افتخار علی بھٹی، ربعیہ باجوہ، عبدالروف بھٹی، میاں سردار علی گہلن اور چودھری وارث علی سرویا شامل ہیں۔ سیکرٹری کے عہدے کے لیے تین امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا جن میں صباحت رضوی، قادر بخش چاہل اور میاں محمد عرفان شامل ہیں۔ فنانس سیکرٹری کے لیے بھی تین امیدواروں کے مابین مقابلہ ہو گا جن میں عادل نعیم شیخ ، عامر سہیل بوسال اور محمد شاہ رخ شہباز وڑائچ شامل ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ بار کے انتخابات کے لیے ہائی کورٹ کے کیانی ہال اور کراچی شہدا ہال میں پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گیے ہیں صدارت کے امیدوار چودھری اشتیاق اے خاں ممبر پاکستان بار کونسل ہیں جبکہ وہ ممبر پنجاب بار کونسل اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہ چکے ہیں جبکہ دوسری جانب لہراسب خان گوندل جو پنجاب بار کونسل کے ممبر اور وائس چیئر مین پنجاب بار کونسل رہ چکے ہیں انہیں احسن بھون عاصمہ جہانگیر گروپ کی حمایت حاصل ہے۔