چین سے ری فنانسنگ کی مد میں پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر مو صول
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان کو چین سے 70کروڑ ڈالر کی رقم موصول ہوگئی۔ رقم پاکستان کو ری فنانسنگ کی مد میں فراہم کی گئی۔ چینی ترقیاتی بینک نے رقم سٹیٹ بینک آف پاکستان کو منتقل کردی۔ سٹیٹ بینک نے بھی چین سے70 کروڑ ڈالر ملنے کی تصدیق کر دی۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لکھا کہ ’چائنا ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے بھیجے جانے والے 70 کروڑ ڈالرز سٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں‘۔ سٹیٹ بینک حکام کا کہنا ہے کہ رقم چائنا ڈویلپمنٹ بینک کی طرف سے رول اوور معاہدے کے بعد موصول ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں پاکستان اور چین کے درمیان معاہدہ ہوچکا تھا۔ ذرائع کے مطابق رقم کی وصولی سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 4 ارب ڈالرز کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف سطع کے معاہدے اور پروگرام کے ٹریک پر آنے کے بعد مزید فنانسنگ ملے گی۔