• news

پیشی سے معذور‘ تحریری یا ویڈیو لنک بیان ریکارڈ کر لیں‘ عمران کا ایف آئی اے کو خط


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کے سامنے پیشی سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بیان تحریری طور پر یا ویڈیو لنک کے ذریے ریکارڈ کر لیں۔ عمران خان نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو خط لکھ دیا، ان کی جانب سے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بینکنگ کورٹ میں زیر سماعت کیس سے متعلق تفتیشی افسر کو خط لکھا۔ وکیل کے ذریعے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو لکھے گئے خط میں عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سمیت کئی عدالتوں نے ان کی میڈیکل رپورٹ کو درست قرار دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف انکوائری کیے بغیر مقدمہ درج کر لیا گیا، عمران خان کے خلاف حقیقی آزادی مارچ کے دوران قاتلانہ حملہ ہوا، عمران خان کو گولیوں کے باعث متعدد زخم آئے، ہسپتال میں داخل رہے۔ عمران خان نے ایف آئی اے کو درخواست کی تفتیش کیلئے ٹیم لاہور بھیج دیں، ایف آئی اے نے بینکنگ کورٹ کو عمران خان سے تعاون کی یقین دہانی کروائی، خط میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے حکومت کے اشاروں پر کام کر رہی ہے، ایف آئی اے کی نیت عمران خان سے تفتیش کرنے کی نہیں لگ رہی۔ تفتیشی افسر کو لکھے گئے خط میں استدعا کی گئی کہ عمران خان خط کے ذریعے اپنا بیان کیس کے متعلق داخل کروانا چاہتے ہیں، بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین کل سماعت کریں گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بینکنگ کورٹ کو 28 فروری تک فیصلے سے روک رکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن