• news

ن لیگ پھر  حملہ آور‘ عمران کی قیادت میں عدلیہ پر آنچ نہیں آنے دیں گے: پرویز الٰہی


لاہور (نیٹ نیوز) چودھری پرویزالٰہی سے سابق ارکان اسمبلی صاحبزادہ محبوب سلطان، ساجد احمد خان بھٹی، رانا نذیر احمد خان، چودھری اسد زمان لنگڑیال، ڈسٹرکٹ بار ننکانہ کے سیکرٹری رائے رضوان علی ایڈووکیٹ اور دیگر رہنمائوں نے ملاقات کی اور چودھری پرویزالٰہی کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ رانا شہباز احمد خان، صدف بٹ، تنویر بٹ، رائے قاسم مشتاق کھرل، رائے خادم حسین کھرل، آصف علی بھٹی‘ مبشر نثار جٹ، رانا اعجاز، ملک ناصر عباس، احسن خان، مس رابیل خان، رائے شجر عباس، چودھری عبدالمجید ایڈووکیٹس اور عبدالرشید بوٹی بھی موجود تھے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ مریم نواز کی سربراہی میں ن لیگ ایک مرتبہ پھر عدلیہ پر حملہ آور ہے، ن لیگ ہمیشہ اپنی کمزوریوں کو چھپانے کیلئے اداروں کو متنازعہ بنانے اور عوام پر دبائو ڈالنے کی کوشش کرتی ہے، ن لیگ کے دور میں مسنگ پرسن کے کیس دوبارہ شروع ہو گئے ہیں جو کہ لمحہ فکریہ ہے، عمران خان کی قیادت میں عدلیہ پر آنچ نہیں آنے دیں گے نہ ہی قوم کو تقسیم ہونے دیں گے، عوام جو فیصلے کرتے ہیں وہی درست فیصلہ ہوتا ہے۔  گورنر اور الیکشن کمیشن دونوں اپنے اختیارات سے بھاگ رہے ہیں، اگر یہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کر سکتے تو پھر بتایا جائے کہ الیکشن کا اعلان کون کرے گا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی بازیابی کیلئے ہم سب دعاگو ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن