• news

الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کے 32ارکان قومی امبلی کو بحال کر دیا 


اسلام آباد+لاہور (خصوصی نامہ نگار+سپیشل رپورٹر) الیکشن کمشن نے تحریک انصاف کے 32 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق پنجاب سے جنرل نشستوں پر 27 ارکان اور 5 مخصوص سیٹوں پر خواتین ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی گئی۔ پی ٹی آئی کے فیصل آباد‘ راولپنڈی‘ لاہور‘ خانیوال‘ ملتان اور جہلم سے ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کی گئی۔ شیخ رشید‘ فواد چودھری‘ فرخ حبیب‘ شفقت محمود‘ کنول شوذب‘ ملیکہ بخاری‘ عالیہ حمزہ‘ عندلیب عباس‘ عاصمہ حدید کی رکنیت بحال کر دی گئی ہے۔ صداقت عباسی‘ غلام سرور‘ شیخ راشد شفیق‘ شاہ محمود قریشی‘ عامر ڈوگر‘ زرتاج گل‘ خرم شہزاد‘ فیض اﷲ کموکا‘ فخر امام‘ عامر کیانی‘ شوکت علی بھٹی‘ امجد علی‘ کرامت علی کی رکنیت بحال کر دی گئی۔  الیکشن کمشن نے عمران خان کو 6 نشستوں سے ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 22 مردان‘ این اے 24 چارسدہ‘ این اے 31 پشاور سے عمران خان کی نشست خالی قرار دے دی گئی ہے۔ این اے 108‘ این اے 118 ننکانہ اور این اے 239 کراچی سے عمران خان کی نشست خالی قرار دی گئی۔ خیال رہے کہ 16 اکتوبر 2022 کو عمران خان قومی اسمبلی کے 7 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں امیدوار تھے اور انہوں نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ قومی اسمبلی کی 27 نشستوں پر ضمنی انتخابات روک دیئے گئے۔ جبکہ اسلام آباد کے  3 قومی اسمبلی حلقوں میں ضمنی الیکشن کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ الیکشن کمشن نے واضح کیا کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ اسلام آباد کی حدود پر لاگو نہیں ہوتا۔

ای پیپر-دی نیشن