ڈالر کی قیمت میں 2 روپے کمی‘سونا ایک ہزار روپے تولہ سستا ہو گیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) اوپن مارکیٹ میں گزشتہ روز ڈالر 2 روپے جبکہ انٹر بنک میں 94 پیسے سستا ہو گیا۔ انٹر بنک میں کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر 259 روپے 99 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 2 روپے کم ہو کر 268 روپے رہا۔ ادھر آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار روپے کم ہو کر ایک لاکھ 95 ہزار 100 روپے ہو گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت 857 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 67 ہزار 267 روپے ہو گئی ہے۔ عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 8 ڈالر کم ہو کر 1818 ڈالر فی اونس ہے۔