پاکستان ’قازقستان کوتجارتی حجم بڑھانے کیلئے نئی راہیں تلاش کرنا ہونگی، صدر
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم بڑھانے کیلئے نئی راہیں تلاش کرنا ہوں گی، قازقستان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو قازقستان میں پاکستان کے نامزد سفیر نعمان بشیر بھٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین تجارت اور معیشت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی گنجائش موجود ہے، دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کی صلاحیت موجودہ سطح سے کہیں زیادہ ہے۔ صدر نے کہا کہ نامزد سفیر سیلاب کے دوران پاکستان کی امداد پر قازقستان کے لوگوں اور حکومت کا شکریہ ادا کریں، نامزد سفیر بھارت کی مسلمان اور اقلیت مخالف پالیسیوں کا بھی پرچار کریں۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں۔