ڈاکے‘ چوریاں: پولیس نے مقابلے کے بعد دو زخمی ڈاکو پکڑ لئے
لاہور (نمائندہ خصوصی) شہر بھر میں متعدد شہری لٹ گئے۔ مقابلہ کے بعد پولیس نے 2 ڈاکو پکڑ لئے۔ مصطفیٰ ٹاؤن پولیس نے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے نزد جھگیاں قیوم بلاک ریڈ کیا جہاں 4 ملزمان نے پولیس کو آتے دیکھ کر سیدھی فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ملزمان زخمی ہو گئے جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔ زخمی ملزمان کے قبضہ سے موٹر سائیکل، اسلحہ اور نقدی برآمد کر لی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے زخمی ملزمان کی شناخت رامیش اور ریاض کے نام سے ہوئی ہے ملزم رامیش 39جبکہ ریاض اشرف 12سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔ دریں اثناء لیاقت آباد میں نامعلوم چور عثمان کے گھر میں گھس کر 7 لاکھ اور زیورات چوری کر کے فرار ہو گئے، غازی آباد میں ڈاکو سلیم کے اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر گھر میں موجود 12 لاکھ اور تین تولہ سونا‘ گلشن اقبال میں گن پوائنٹ پر گلزار اور فیملی سے 1لاکھ‘ سونے کی چین ، ساندہ میں ناصر اور فیملی سے گن پوائنٹ پر35 ہزار اور 2تولے سونے کے زیورات‘ کوٹ لکھپت میں ڈاکو گن پوائنٹ پر رضوان سے 80 ہزار اور موبائل فون، مستی گیٹ میں عالم شیر سے گن پوائنٹ پر 22 ہزار اور موبائل فون، فیکٹری ایریا میں گن پوائنٹ پر 15 ہزار اور موبائل فون، ہنجروال میں گن پوائنٹ پر ملک مدثر سے 10 ہزار اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے جبکہ لٹن روڈ ،شاہدرہ ٹاون سے رکشے ،مانگا منڈی سے پک اپ اور نولکھا ،سبزاہ زار، نواں کوٹ،گلبرگ، ڈیفنس سی ،کاہنہ ،نیو انارکلی سے موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔