قصور: دیرینہ دشمنی‘ ماں بیٹا قتل‘ نعشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج
قصور (نمائندہ نوائے وقت) دیرینہ دشمنی پر عدالتوں میں پیشی کے بعد واپس گھر جاتے ہوئے مخالفین کی فائرنگ سے قتل ہونے والے ماں بیٹے کے ورثاء نے نعشیں 16 گھنٹے سے زائد شہر کی مین سڑک پر رکھ شدید احتجاج کیا۔ اس دوران ایس پی انویسٹی گیشن عبدالقیوم کے ساتھ مظاہرین کے مذاکرات ناکام ہو گئے تو احتجاجی مظاہرین نے مقتولین کی لاشوں کو لیکر ملتان روڈ کو بلاک کر کے احتجاج کرنے کا پرو گرام بنا لیا تو پولیس نے چھانگا مانگا کے قریب مظاہرین کو روک لیا۔ جس پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم شروع ہو گیا۔ پولیس نے لاٹھی چارج کے بعد خواتین سمیت 100 کے قریب مظاہرین کو گرفتار کر لیا جس کے بعد ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور ملزمان کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرنے کی یقین دہانی پر مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ یاد رہے کہ 2005 سے لیکر اب تک سات افراد قتل ہو چکے ہیں۔