• news

پی ڈی ایم نے عدلیہ کے  مخالف  محاذ کھول دیا‘ ملک کو بلیک میلر مافیا کا سامنا: فواد چودھری


لاہور (نیوز رپورٹر) پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے عدلیہ کیخلاف محاذ کھول دیا ہے۔ ملک کو بلیک میلر مافیا کا سامنا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ قاسم سوری کی رولنگ مسترد کرنے والے جج اس بینچ میں بھی شامل ہیں، ہم نے تو اس معاملے پر اعتراض نہیں کیا تھا، اس قت بھی ہمارے وکیل نے کہا لیکن چیف جسٹس نے فل کورٹ نہیں بنایا تھا، ہم نے تو اس وقت ججز کے خلاف محاذ نہیں کھولا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور مسلم لیگ ن کا خیال ہے جوڈیشری کو بلیک میل کرسکتے ہیں، پورا پاکستان بلیک میلنگ کا سامنا کر رہا ہے، کسی کی آڈیو نکال دو تو کسی کی ویڈیو نکال دو، لگتا ہے یہاں عمران خان کیلئے قانون اورہے اور مریم نواز کیلئے قانون اور۔ جب اعظم سواتی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا‘ عمران خان نے کہا کہ شہباز گل کو شدید ٹارچر کا نشانہ بنایا گیا اس جج نے شہباز گل کو دوبارہ انہی لوگوں کے حوالے کردیا جنہوں نے ٹارچر کیا تھا، انہوں نے کہا کہ ہم ان کے خلاف ایکشن لیں گے تو عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری ہو گیا‘ لیکن ہم نے عدلیہ کو نشانہ نہیں بنایا۔ اگر سیاسی جماعتیں چیف جسٹس کو ہدایات دیں گی کہ آپ نے یہ بینچ بنانا ہے اور یہ نہیں بنانا تو پھر توملک کا نظام ہی نہیں چلے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری پاکستان کی عدلیہ اور چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ کسی بلیک میلنگ میں نہ آئیں، پاکستان کے ججز آئین کے ساتھ کھڑے ہوں، یہ پاکستان کی عدلیہ کے لیے جسٹس منیر موومنٹ ہے۔ اگر آج عدلیہ آئین کے ساتھ نہیں کھڑی ہوتی تو پاکستان کا آئین برقرار نہیں رہے گا اور پاکستان کا آئین برقرار نہیں رہے گا تو یہ آخری دستاویز جس پر پاکستان میں اتفاق رائے ہے، اگر وہ بھی نہ رہا تو پھر پاکستان کی ریاست کا ہی نہیں بلکہ ہمیں یہ بھی نہیں پتا معاشرے کا کیا حشر نشر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی قیدی ہیں اور ہم نہیں کہہ رہے کہ آپ انہیں کل یا آج رہا کریں لیکن جیل مینوئل میں جو سیاسی قیدیوں کے حقوق ہیں وہ تو ان کو دیں، ہمارے کارکنان کو کھانا‘ کپڑے‘ ادویات نہیں دی جا رہی پیشہ ورانہ مجرموں کے ساتھ رکھا ہوا ہے، کیا وہ سیاسی قیدی نہیں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن