سابق کمشنر کراچی افتخار شلوانی کو بیرونِ ملک جانے سے روک دیا گیا
کراچی (این این آئی)سابق کمشنر کراچی افتخار شلوانی کو بیرونِ ملک جانے سے روک دیا گیا۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق سابق کمشنر کراچی افتخار شلوانی جمعہ کی صبح ترکش ایئر لائن کی پرواز ٹی کے 709 کے ذریعے استنبول کے راستے یورپ جارہے تھے۔ذرائع کے مطابق ایئر لائن کانٹر سے بورڈنگ پاس کے حصول کے بعد افتخار شلوانی امیگریشن کے پاس پہنچے تو حکام نے ان سے سرکاری ملازم ہونے کے ناطے بیرونِ ملک جانے کا اجازت نامہ طلب کیا۔حکام کے مطابق این او سی نہ ہونے کی وجہ سے افتخار شلوانی کو بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی جس پر ایئر لائن نے انہیں طیارے سے آف لوڈ کردیا۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق افتخار شلوانی کراچی سے اٹلی جا رہے تھے۔