کراچی پولیس آفس حملہ کیس میں اہم پیش رفت
کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی پولیس آفس حملہ کیس میں دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی آخری بار کوئٹہ کے رہائشی کے خریدنے کا انکشاف ہوا ہے۔کراچی پولیس آفس حملہ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، اور انکشاف ہوا ہے کہ دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی آخری بار کوئٹہ کے رہائشی نے خریدی تھی۔ذرائع کے مطابق تحقیقاتی حکام نے دہشتگردوں کے زیراستعمال گاڑی بیچنے والے شوروم کے مالک اشفاق کا بیان ریکارڈ کرلیا ہے، جس کے مطابق گاڑی آخری بار 2016میں فروخت کی گئی۔اشفاق نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ اس نے آخری بارگاڑی محمد شفیق نامی شخص کو بیچی، اور محمد شفیق کوئٹہ کا رہائشی تھا۔ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی کی خرید وفروخت کے دستاویزات نہ ہونے پرتحقیقاتی حکام کو مشکلات کا سامنا ہے۔