حضرتِ امام حسینؓ تاریخ انسانیت کی عظیم ہستی ہیں:طاہر رضا بخاری
لاہور(خصوصی نامہ نگار)وزیر اوقاف سیّد اظفر علی ناصر اور سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے داتا دربار میں منعقدہ ’’ حضرت امام حسین کانفرنس‘‘ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرتِ امام حسینؓ تاریخ انسانیت کی عظیم ہستی ہیں۔ آپؓ نے حریتِ فکر وعمل کے دَر وَا کیے اوردنیا کو شجاعت وبہادری کو نئے عنوان عطا کیے۔ آپؓ صبر و رضا، حلم و حیااور جود و سخا جیسی اعلیٰ صفات کا عظیم نمونہ تھے۔ مہمان نوازی، غریب پروری، مظلوموں کی مدد، صلہ رحمی اور فقرا و مساکین سے محبت آپ کا شیوہ تھا۔ تین شعبان، اس عظیم ہستی کا مولودِ مسعود ہے، جن کے فضائل ومناقب آیاتِ قرآنیہ کے ساتھ ساتھ بے شمار احادیث میں بھی وارد ہوئے۔ آپ ہی وہ شخصیت ہیں، جن کے بارے میں رسول اللہؐ نے فرمایا حسینؓ مجھ سے ہے اور میں حسینؓ سے ہوں اور ایک مقام پر فرمایا جس نے حسنؓ اور حسینؓ سے محبت کی اس نے درحقیقت مجھ سے محبت کی جس نے ان دونوں سے بغض رکھا، اس نے مجھ سے بغض رکھا۔ اس موقع پر خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی نے کہا کہ امام عالی مقام صرف شجاعت و بہادری کا نمونہ ہی نہ تھے بلکہ وہ اپنی عبادات کا اہتمام بھی توجہ اور انہماک سے کرتے،وہ راتوں کو کثرت سے نوافل پڑھتے اور دن کو بہت زیادہ روزے رکھتے تھے۔ آپ جود و سخا کا ایسا پیکرتھے کہ جو آپ کی بارگاہ میں ایک مرتبہ سائل بن کر پیش ہوتا اْس کو دوبارہ کسی اور دروازے سے کچھ اور مانگنے کی حاجت نہ رہتی۔