• news

بلوچستان میں مظلوم خاندان پر قیامت گزری ‘حکمران خاموش: ضیاء الدین انصاری 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ماں اور 2 بیٹوں کے تہرے قتل کیخلاف جماعت اسلامی خواتین لاہور کے زیر اہتمام پریس کلب لاہور کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت ناظمہ وسطی پنجاب ربیعہ طارق اور ناظمہ خواتین لاہور عظمی عمران نے کی۔ احتجاجی مظاہرے میں خواتین، بچوں اور قائدین نے تہرے قتل کے مرکزی ملزموں کو فوری سزا دینا کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ،عامر نثار خان، وسیم اسلم قریشی نے شرکت کی اور خطاب کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ایک ماں کو2 بیٹوں سمیت تیزاب گردی کے ذریعے ہلاک کرنا کھلی دہشتگردی ہے۔پاکستان میں امن اورقانون نافذ کرنے والے 3 بڑے ادارے 3 ہزار ارب عوام سے وصول کررہے ہیں۔ مگر بدقسمتی سے یہ بڑے ادارے عوام کو تحفظ اور انصاف فراہم کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ بلوچستان میں ایک مظلوم خاندان پر قیامت گزر گئی نااہل حکمرانوں نے کوئی مذمتی بیان بھی جاری نہیں کیا۔ بلوچستان واقعے میں ملوث بااثر وزیر اور سہولت کاروں ملزمان کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔ ملک کے اندر امیر اور غریب کیلئے الگ الگ قانون ہے۔یکساں قوانین نہ ہونے کی وجہ سے بارکھان کے خاندان کو سالوں تک ظلم کا نشانہ بنایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن