• news

عمران ،پی ڈی ایم کی معاشی بد انتظامی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں:غوث بغدادی


لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ غلام غوث بغدادی، علامہ غلام عباس فیضی اور علامہ فاروق الحسن قادری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ عمران اورپی ڈی ایم حکومت کی معاشی بد انتظامی کا خمیازہ پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں۔ آٹا، گھی، چینی سمیت کھانے پینے کی اشیاضروری پر بے تحا شہ ٹیکسوں کی وجہ سے مہنگائی دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔ ملکی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے والے کیسے غریب کادرد سمجھ سکتے ہیں۔حکومت کے پاس غریب اور متوسط طبقے کیلئے کوئی ریلیف نہیں ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہوئے ہیں۔ ملک میں اس وقت تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔جو موجودہ اور سابقہ دونوں حکومتوں کا اصل چہرہ ہے۔جتنی مہنگائی گزشتہ 4 سال سے ہے اتنی ماضی میں بھی کبھی نہیں رہی۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں ملکی اہم مسائل کو چھوڑ کر اقتدار میں کیسے آیا جائے کا حل تلاش کررہی ہے۔ علامہ غلام غوث بغدادی کا مزید کہنا تھا کہ آج لاہور سمیت ملک بھر کی مین مارکیٹوں سے مہنگائی مکاؤاور پٹرول سستا کرو ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ریلیوں کے ذریعے عوام میں شعور بیدار کرینگے کہ ملک میں تاریخی مہنگائی کے ذمہ دار موجودہ اور سابقہ حکمران ہیں۔عوام آئندہ ایسے حکمرانوں کا بائیکاٹ کر کے آنے والی نسلوں کو تحفظ فراہم کریں۔   

ای پیپر-دی نیشن