• news

چو دھری اشتیاق لاہور ، نوید حیات اسلام آباد ہا ئیکورٹ بار کے صدر منتخب


لاہور+ اسلام آباد+راولپنڈی (سپیشل رپورٹر+ خصوصی رپورٹر+اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہا ئی کورٹ بار الیکشن میں حامد خان گروپ کے چوہدری اشتیاق اے خان بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے ہیں۔ بار کی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ میں پہلی بار خاتون بھی سیکرٹری منتخب ہو گئیں۔ ہائی کورٹ عمران خان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، حامی وکلا کے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے  جیت پر منتخب صدر کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ عمران خان کے بھانجے کو بھی حامی وکلا نے کاندھوں پر اٹھا لیا۔ چئیرمین الیکشن بورڈ عمران مسعود نے انتخابی نتائج کا اعلان کیا۔ نومنتخب صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشتیاق اے خان نے وکلاء سے  خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کی خدمت  میرا مشن ہے۔ بار اور بنچ کے درمیان فاصلے ختم کروں گا۔ عدلیہ کے تقدس پر آنچ برداشت نہیں کریں گے۔ جمہوریت کی اساس مضبوط نظام عدل ہے۔ انصاف کی فراہمی کے عمل میں عدلیہ کے شانہ بشانہ ہیں۔ چودھری اشتیاق اے خاں 7ہزار 293ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ سیکرٹری کے عہدے کے لیے عاصمہ جہانگیر گروپ کی امیدوار صباحت رضوی نے 4ہزار 310ووٹ کے کر کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اسی طرح نائب صدر کے لیے ربعیہ باجوہ نے3ہزار 590ووٹ  لیے ہیں اور فنانس سیکرٹری کے لیے شاہ رخ شہباز وڑائچ 7ہزار 109ووٹ  لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ہوئے جس میں وکلاء کی بڑی تعداد نے ووٹ کاسٹ کیے۔ لاہور ہائیکورٹ بار کے چار عہدوں پر 14 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ بائیؤ میٹرک سسٹم پر رجسٹرڈ 26ہزار 43 رجسٹرڈ ووٹ میں سے دس ہزار پانچ سو وکلا نے ووٹ کاسٹ کیے لاہور ہائیکورٹ بار میں خواتین وکلاء ووٹرز کی تعداد 1772 تھی صدارت کے لیے چوہدری اشتیاق اے خان اور لہراسپ خان گوندل میں ون ٹو ون مقابلہ رہا نائب صدارت کیلئے 6 امیدواروں سیکرٹری کیلئے تین فنانس سیکرٹری کیلئے بھی تین امیدواروں میں مقابلہ تھا ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے سال 24-2023 کا عمل مکمل ہو گیا ہے نوید حیات ملک 720 ووٹ لیکر اسلام آباد ہائی کورٹ کے صدر منتخب ہو گئے ہیں جبکہ انکے مد مقابل صدارتی امیدوار ملک قمر افضل 585 ووٹ حاصل کیے جنرل سیکرٹری نشست پر رضوان شبیر کیانی 907ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ہیں۔ ان کے مد مقابل امیدوار آصف علی نے 439 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر جمیل فیاض راجپوت 708 ووٹ لیکر جوائنٹ سیکرٹری اسلام آباد ہائی کورٹ بار بن گئے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار محمد کامران کیانی 597 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں اپنے حمایت یافتہ حامد خان گروپ کے امیدوار اشتیاق احمد خان کو بھاری اکثریت میں کامیابی پر دلی مبارکباد دی۔ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے سالانہ انتخابات 2023-24 میں تنویر اقبال خان ایڈووکیٹ واضح اکثریت سے آئندہ سال کیلئے بار کے صدر اورشوکت محمود ستی ایڈووکیٹ سیکرٹری منتخب ہو گئے ۔ سینئر نائب صدر کی نشست پر خاتون امیدوار زاہدہ ایاز بلامقابلہ منتخب ہو چکی ہیں۔ اسی طرح جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر چوہدری ظہور اقبال منہاس جبکہ مجلس عاملہ کی پانچ نشستوں پر جمیل اصغر بٹ، ملک شہباز رشید، محمد فواد زیاد، خواجہ عمیر اصغر اور سید دلدار حسین شاہ بھی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن