عمران پر سوں طلب ، پیش ہونے کا فیصلہ ، پمز یا پولی کلینک سے طبی معا ئنہ کرائیا جا ئے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو 28 فروری کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ بنکنگ کورٹ اسلام آباد میں عمران خان اور دیگر کے خلاف فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ بنکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین کی عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نعیم پنجوتھہ نے کہا کہ اسلام آبادہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ عمران خان 28 فروری کوبنکنگ کورٹ میں پیش ہوں۔ عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی بنکنگ کورٹ میں جمع کرا دی گئی۔ عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عمران خان کو 28 فروری کو پیش ہونے کا حکم دے دیا اور کیس کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔ اس کے علاوہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے کو خارج کرنے کی درخواست دے دی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مقدمہ جھوٹا‘ من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔ درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ مقدمہ تحریک انصاف کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے درج کیا گیا۔ ہمیشہ قانون کی بالادستی اور حکمرانی پر یقین رکھا‘ میرے خلاف مقدمے کو خارج کیا جائے۔ علاوہ ازیں ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے عمران خان کے طبی معائنے کے لیے بورڈ بنانے کی درخواست دے دی۔ ایف آئی اے کی جانب سے بنکنگ کورٹ اسلام آباد میں دائر درخواست میں عمران خان کے طبی معائنہ کے لیے پمز یا پولی کلینک ہسپتال کا بورڈ بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عبوری ضمانے ملنے کے بعد عمران خان رعایت کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں اور عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔ عمران خان کی ضمانت میں توسیع کی درخواست بنکنگ کورٹ میں زیر التوا ہے۔ عمران خان ایف آئی اے کے ساتھ تفتیش کے حوالے سے تعاون نہیں کر رہے۔ ایف آئی اے کے مطابق عمران خان کو آرتھو پیڈک کا مسئلہ ہے لیکن میڈیکل رپورٹ کینسر ہسپتال کی جمع کروا رہے۔ شوکت خانم ہسپتال کی سربراہی عمران خان خود کرتے ہیں۔ میڈیکل رپورٹ کو معتبر تسلیم نہیں کر سکتے۔ ایف آئی اے کی درخواست میں عمران خان کا طبی معائنہ پمز یا پولی کلینک ہسپتال سے کروانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اداروں کی رپورٹس کو زیر غور لایا جا سکتا ہے۔ عمران خان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور عمران خان کی رپورٹس عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔ دوسری طرف سابق وزیراعظم عمران خان نے منگل کے روز بنکنگ عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ لاہور زمان پارک میں عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں راولپنڈی تنظیم کے رہنماؤں اور عہدیداروں سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان منگل کے روز بنکنگ کورٹ میں پیش ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ پارٹی کے سینیئر رہنما بھی عدالت جائیں گے۔ راولپنڈی ڈویژن کے عہدیداروں کو عمران خان کے استقبال کی ہدایت کی گئی ہے۔