پنجاب کا بینہ اجلاس ، گندم کی امداد قیمت 3900 روپے من مقرر کرنے کی تجویز
لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 7 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے کفایت شعاری پالیسی کے اقدامات پرصوبائی سطح پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب کابینہ نے وزیراعظم کی جانب سے کفایت شعاری پالیسی کو سراہا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہر سطح پر کفایت شعاری اپنانے کے لئے جامع پلان طلب کرلیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ معاشی حالات کے پیش نظرسرکاری سطح پر کفایت شعاری اپنانے کے لئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پنجا ب حکومت کے افسران ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے ایک سے تین دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔ گریڈ 22 کے افسران تین دن، گریڈ 20 اور21 کے افسران دودن او رگریڈ 18 اور 19کے افسران ایک دن کی تنخواہ وزیراعظم ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گے۔ اجلاس میں گندم کی کم ازکم امدادی قیمت 3900 روپے من مقرر کرنے کی تجویز دی گئی۔ اجلاس میں فارن فنڈڈ پراجیکٹس کی تیزی سے تکمیل یقینی بنانے کیلئے فارن فنڈڈ پراجیکٹ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کیلئے سرکاری اراضی کو سنگل سورس کی بنیاد پر لیز پر دینے کی منظوری دی گئی۔ لیز پر دی جانے والی اراضی صرف زرعی مقاصد کے لئے استعمال ہو سکے گی۔ اجلاس میں پولیس شہداء پیکیج کے لئے 400ملین روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ ملتان، بہاولپور اور فیصل آباد میں ریجنل بلڈ سنٹرز کیلئے رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ سے معاہدہ کرنے کی منظوری دی گئی۔ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں فرینڈز آف الائیڈ ہسپتال کے تعاون سے نیا ایمرجنسی بلاک بنایا جائے گا۔ اجلاس میں ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کا نام ٹورازم، آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈیپارٹمنٹ رکھنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور میاں منشی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ بھی ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میاں منشی ہسپتال کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈیوٹی پر موجود نہیں تھے اور گھر جا کر سو رہے تھے۔ محسن نقوی نے غیر حاضر ڈی ایم ایس کو تبدیل کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے پی آئی سی میں پرائمری انجیو گرافی کرانے والے مریضوں سے ملاقات کی او رڈاکٹرز سے پرائمری انجیوگرافی کے بارے میں پوچھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ہارٹ اٹیک کے بعد ہسپتال میں پرائمری انجیوگرافی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ ہسپتالوں میں پرائمری انجیوگرافی کا مستقل سسٹم موجود ہو تاکہ مریض کو کسی سے سفارش نہ کرانی پڑے۔