ملک میں مہنگا ئی ، معاشی بحران ، آئینی ، سیا سی ، جمہوری مسا ئل کا حل چا ہتے ہیں : بلاول
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نام لیے بغیر عمران خان پر خوب وار کیے۔ سندھ اسمبلی میں بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کی نادرا کے ذریعے ڈائنامک رجسٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج غربت ہے، مہنگائی ہے، بے روزگاری اور معاشی بحران ہے۔ ہم اس آئینی، سیاسی، جمہوری اور معاشی بحران کا حل چاہتے ہیں، سابق وزیراعظم خود کہہ چکے ہیں وہ سیاست میں مہنگائی ختم کرنے نہیں آئے تھے۔ ہم تو ایسی سیاست کا سوچ نہیں سکتے، عمران خان کی ڈاکٹرائن کا ایک حصہ بے نظیر انکم سپورٹ میں کٹوتی بھی تھا۔ صدر زرداری نے سارے نظام سے لڑ کر بے نظیر انکم سپورٹ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک آئینی، سیاسی، معاشی بحران کا شکار ہے۔ پیپلز پارٹی کا مقابلہ ان بحرانوں سے ہے۔ بلاول بھٹو نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 25 فیصد اضافے کے اعلان پر وزیراعظم کے شکرگزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین نے ڈٹ کر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مخالفت کی، وہ کہتے تھے کہ ہم ملک کے عوام کو بھکاری بنا رہے ہیں۔ بین الاقوامی ادارے مانتے ہیں کہ یہ صاف شفاف پروگرام ہے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ دنیا میں دو سوچیں ہیں کہ امیر کو امیر بنائیں گے تو وہ روزگار پیدا کرے گا، امیر لوگ تو ملک میں بہت کم ہوتے ہیں، وہ پورے ملک کو فائدہ نہیں پہنچا سکتے۔ امیر آدمی کے پاس جتنا پیسا ہوتا ہے وہ اتنا ہی کنجوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیسا نچلے طبقے کے پاس آئے گا تو وہ بنک میں نہیں رکھے گا۔ خرچ کرے گا، پیسے خرچ کرنے سے غریب کا مسئلہ تو حل ہو گا ہی ملک کو بھی فائدہ ہو گا۔ آج غربت ہے، مہنگائی ہے، بے روزگاری اور معاشی بحران ہے۔ ہم نا صرف غریب کو مدد پہنچا رہے ہیں بلکہ معیشت کو بھی فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ ہمارے مخالفین نے پروگرام ختم کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے دوران غریبوں کی بینظیر انکم سپورٹ سے مدد کی گئی، سیلاب متاثرین کی مدد کا کوئی طریقہ نہیں تھا۔ طریقہ نکلا تو بینظیر انکم سے نکلا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یونین کونسل جا کر بینظیر انکم سپورٹ میں رجسٹرڈ ہو سکتے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 25 فیصد اضافہ ہو گا۔ بینظیر پروگرام میں رجسٹرڈ ہر فرد کو 25 فیصد زائد رقم ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے زمینداروں کیلئے سندھ حکومت ایک پروگرام شروع کر رہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت چھوٹے زمینداروں کو بیج کی قیمت دی جائے گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کے پیچھے ایک ڈاکٹرائن تھا اور اس کا ایک حصہ یہ تھا کہ اگر ہم نے کٹوتی کرنا ہے تو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے شروع کرنا ہے، جس نے بینظیر انکم سپورٹ کی مخالفت کی، اس کا نام تبدیل کرنے اور غریبوں کو نکالنے اور اس کا نام ختم کرنے کی کوشش کی ہے وہ ناکام رہا۔