بگڑی شہزادی ، عمران : سازشوں کا بادشاہ ، مریم نواز : ٹو ئیٹر پر لفظی جنگ
لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر +خبر نگار) سابق وزیراعظم عمران خان اور مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے درمیان ٹوئٹر پر لفظی جنگ ہوئی۔ عجمران خان نے ٹویٹ میں مریم نواز کو ’’بگڑی شہزادی‘‘ کہہ دیا۔ عمران خان نے کہا کہ ججز پر پی ڈی ایم اور بگڑی شہزادی کے حملوں کا مقصد الیکشن سے فرار ہے۔ چاہے آئین کو روند کر ہی ہو، بگڑی شہزادی مریم نواز کرپشن کے پیسوں پر پلی بڑھی ہیں۔ الیکشن سے فرار کیلئے یہ آئین کی خلاف ورزی کیلئے بھی تیار ہیں۔ سپریم کورٹ پر حملوں سے یہ گروہ جنگل کا قانون رائج کرنے کے ساتھ وفاق کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔ پی ڈی ایم قیادت ہمیں چیلنج کرتی تھی کہ انتخابات چاہتے ہیں تو خیبر پی کے اور پنجاب اسمبلی توڑیں اب ہم نے مقابلے کیلئے پکارا ہے تو انتخابات کے نام سے ان کی جان نکل جاتی ہے۔ مریم نواز نے عمران خان کو ’’سازشوں کا بادشاہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمہاری چیخیں غلط نہیں ہیں کیونکہ تمام سازشوں کے بادشاہ رہے ہو تم اپنے گاڈ فادر فیض حمید اور اس کے ٹولے کی مدد سے اپنی سازشوں پر پلتے رہے ہو لیکن اب بڑے بڑے برج الٹ چکے اب تم دیکھ اس spoilt brat نے تمہیں ہرا دیا اب تمہارے جیسے گاڈنس‘ لاڈلے اور پیارے ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائیں گے۔ عمران خان اپنے گاڈ فادر اور ان کی باقیات کی سازشوں پر زندہ رہتے ہیں. اب آپ دیکھیں گے کہ ’’بگڑی شہزادی‘‘ آپ کو کیسے مات دیتی ہے, آپ کا چور‘ ڈاکو کا بیانیہ منہ کے بل گر چکا ہے۔ آپ 58 ارب روپے کی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ حقیقیت یہ ہے کہ آپ عدالتوں سے فرار اختیار کر رہے ہیں۔ التواء کی بھیک مانگنا مجرم ہونے کا واضح اعتراف ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ تمہاری بیوی کے زیورات‘ توشہ خانے کی چوریوں نے تمہارا بیانیہ زمین بوس کر دیا۔ 5 قیراط کے ہیرے کی انگوٹھی کے عوض فائلوں پر دستخط کرتے ہو تم پہلے وزیراعظم ہو جو تمام اقسام کی کرپشن میں ملوث ہو۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری جیل بھرو تحریک کے دوران حراست میں لئے گئے سیاسی قیدیوں سے مجرموں اور دہشتگردوں جیسا سلوک روا رکھنے والی امپورٹڈ حکومت کی سفّاکانہ سوچ کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے قائدین اور کارکنان اس فسطائیت، بنیادی حقوق کی پامالیوں اور حکمرانوں کی جانب سے خود (لوٹے گئے 1100 ارب پر) NRO لیکر قوم کو مہنگائی تلے کچلنے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ سیاسی قیدیوں کے حوالے سے prison rules پر عملدر آمد سے انکار کرنا ایک مایوس کن اور آمرانہ ذہنیت کا عکاس ہے جس سے ہمارے لوگ حقیقی آزادی کیلئے مزید عزم و ہمت سے کھڑے ہونے کا حوصلہ پاتے ہیں۔ مزید برآں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے این اے 193 راجن پور کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اتوار کو محسن لغاری بلے کے نشان پر انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں، جام پور کے عوام کو پیغام ہے پی ڈی ایم کے نمائندے کی پھیلائی خوف کی فضا کوختم کریں۔ عمران خان نے کہا کہ جام پور کے کسانوں کی پی ڈی ایم مدد نہیں کررہی، ان کی فصلوں پر ٹریکٹر چلائے جا رہے ہیں، جام پور کے لوگوں پر ایف آئی آر درج کی جارہی ہیں اور انہیں اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جام پور کے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے تمام تر ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ جام پور کے عوام اتوار کو ووٹ ڈالنے کیلئے نکلیں اور خوف کے بت کو توڑیں، ان کے ہر حربے اور دھاندلی کے باوجود محسن لغاری جیتیں گے۔علاوہ ازیں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عثمان ڈار کے خلاف بیان کیلئے سیالکوٹ کے چوکیدار سے ناروا سلوک ہوا لہٰذا چیف جسٹس سے درخواست ہے جاوید علی کے معاملے پر ازخود نوٹس لیں۔ عمران خان نے عثمان ڈار اور جاوید علی نامی شخص کو ساتھ بٹھا کر پریس کانفرنس کی اور کہا کہ پاکستان کو بنانا ری پبلک بنا دیا گیا ہے، ایک مقصدہے تحریک انصاف کوکمزورکرکے چوروں کوالیکشن جتوا دیا جائے، عدلیہ اور چیف جسٹس سے کہناچاہتاہوں، ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کون کریگا؟ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو کنٹرول کرنے کیلئے حربے استعمال ہورہے ہیں، وزیر داخلہ ٹیپ چلا رہاہیجو غیر قانونی ہے، مجھے پتہ ہے عدلیہ پر مافیا کا پورا اٹیک ہے، رجیم چینج کے بعد بنیادی حقوق ختم کردیے گئے ہیں، لوگوں کو ڈرایا جارہا ہے، دور لے جارہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ پنجاب کی نگران حکومت نے عثمان ڈار کے خلاف بیان دلوانے کیلئے سیالکوٹ میں ایک چوکیدار کے ساتھ انتہائی قابل اعتراض سلوک کیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو لنک خطاب میں کہا محکمہ تعلیم کے ملازم پر برہنہ کر کے تشدد کرنے کا الزام لگایا۔ عمران خان نے کہا کہ جاوید علی سے 164 کا بیان عثمان ڈار کو کرپشن کے کیسز میں پھنسانے کیلئے دلوایا گیا۔ جاوید علی کو عثمان ڈار نے گریڈ 4 میں چوکیدار کی نوکری دلائی اور ان کو پولیس نے اٹھایا‘ اس کے بعد نامعلوم افراد نے اٹھایا۔ چیف جسٹس اور اعلیٰ عدلیہ سے کہتا ہوں کہ امید صرف آپ پر رہ گئی ہیں۔ نامعلوم افراد اس ملک کے ساتھ جو کر رہے ہیں اور خاص طور پر ڈرٹی ہیری عدلیہ کی سب سے بڑی ذمہ داری ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کرنا ہے۔