پشاور: بازار8، شادی ہالز 10بجے بند: ایسا آرڈر جاری نہیں کیا: ترجمان کمشنر کراچی
پشاور‘ کراچی (نوائے وقت رپورٹ + سٹاف رپورٹر) خیبر پی کے میں توانائی بچت پالیسی پر عملدآمد کا آغاز ہوگیا۔ پشاور میں تجارتی مراکز اور بازار رات آٹھ بجے بند کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا، جبکہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس رات دس بجے بند ہونگے۔ کمشنر کراچی کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر شادی ہالز ریسٹورنٹس اور مارکیٹوں کی جلد بندش سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنر کراچی نے اس طرح کا کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا ہے، جس میں کراچی میں شادی ہالز ریسٹورنٹس اور مارکیٹوں کے اوقات کار کے بارے میں کوئی با ت کی گئی ہو۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر چلنے والے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر کراچی نے شہر کے حالات کے تناظر میں مارکیٹوں کو رات آٹھ بجے اورشادی ہالز کورات دس بجے بندکرنے کا حکم دیا تھا تاہم ترجمان کمشنرکراچی نے اس نوٹیفکیشن کی تردیدکر دی ہے۔