گراں ناز‘ بیٹی‘ بیٹوں کا طبی معائنہ‘ بیانات ‘ زیادتی‘ تشدد کے شواہد ملے‘ ڈاکٹر
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بارکھان سے بازیاب ہونے والے خان محمد مری کی اہلیہ‘ بیٹی اور بیٹوں کا طبی معائنہ کر لیا گیا۔ طبی معائنہ سول ہسپتال کوئٹہ میں پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ نے کیا۔ ڈاکٹر عائشہ کا کہنا ہے کہ طبی معائنے میں گراں ناز کی بیٹی سے زیادتی کے شواہد ملے ہیں۔ گراں ناز پر جسمانی تشدد کر کے شواہد سامنے آئے۔ خان محمد مری کے بیٹیوں کی جانب سے بھی جتسی زیادتی کی شکایت ہے تاہم خان محمد مری کے بیٹوں سے جنسی زیادتی کے شواہد نہیں ملے۔ بارکھان کے کنویں سے ملنے والی لڑکی کی لاش کے ڈی این اے سیمپل لاہور بھجواء دیئے ہیں۔ بارکھان سے کچھ لوگ لڑکی کی شناخت کیلئے آئے ہیں۔ بارکھان سے بازیاب خاتون گراں ناز اور ان کے بیٹوں کا بازیابی کے بعد ویڈیو بیان سامنے آ گیا۔ گراں ناز نے کہا کہ وہ آٹھ سال سے عبدالرحمان کھیتران کی قید میں تھی۔ تشدد کیا گیا‘ میرے 6 بیٹے مجھ سے الگ کئے گئے۔ گراں ناز کے بیٹے نے کہا کہ ہم پر بھی تشدد کیا جاتا۔ کام بھی لیا جاتا۔ والدین سے ملنے نہیں دیا جاتا تھا۔ گراں ناز اور ان کے بچوں نے کوئٹہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بیانات ریکارڈ کرا دیئے ہیں۔ دوسری طرف بارکھان واقعے میں قتل کیے گئے 3 افراد کو مشرقی بائی پاس قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ تدفین میں خان محمد مری اور مری قبیلے کے افراد نے شرکت کی۔ خان محمد مری کے 2 بیٹوں اور نامعلوم خاتون کی نعشیں 5 روز قبل بارکھان کے کنویں سے ملی تھیں۔