وقت کے ساتھ تمام مشکلات ختم ہو جائیں گی، پاکستان ترقی کرے گا: خواجہ آصف
سیالکوٹ (این این آئی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ تمام مشکلات ختم ہو جائیں گی اور پاکستان ترقی کرے گا، ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی نواز شریف ہی کا تحفہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں سٹینڈرڈ کالج فار گرلز کے سالانہ کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں آ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہماری بیٹیاں اپنی تعلیم مکمل کر کے ایک نئے سفر کا آغاز کر رہی ہیں۔ انتظامیہ کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا، یہ طالبات ہمارا مستقبل ہیں اور ہم ان کے مستقبل کو نکھارنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب کے آخر میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے ہاتھوں فارغ التحصیل طالبات میں اسناد اور شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔