• news

راولپنڈی، ٹول پلازہ پر فائرنگ سے حساس ادارے کے تین اہلکار زخمی


 راولپنڈی(نیٹ نیوز)  راولپنڈی کے تھانہ نصیرآباد کی حدود میں موٹروے ٹول پلازہ پر فائرنگ میں حساس ادارے کے تین اہلکار گولیاں اور ایک گرنے کے باعث زخمی ہوگئے۔ حساس ادارے کے اہلکاروں پر فائرنگ لاہور سے اسلام آباد آنے والی گاڑی میں سوار افراد نے کی اور بیریئر توڑ کر ایک گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے، جسے نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے قبضے میں لے کر پولیس کے حوالے لیا۔ زخمیوں کی شناخت محمد ذیشان، عامر شہزاد اور عمل بلال، نائیک محمد صابر کے ناموں سے ہوئی جنہیں سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس نے بتایا ملزموں سے ایم ٹیگ بیلنس زیرو پر ٹول ٹیکس کا مطالبہ کیا گیا جس پر انہوں نے جدید ہتھیار سے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ پولیس اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی  نے گاڑی سے دو ملزموں کو گرفتار کر کے جدید ہتھیار اور دو گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔پولیس نے گاڑی کی رجسٹریشن سے گھر پر چھاپا مارا، جہاں سے ملزم فرار ہوگیا، پولیس نے مرکزی ملزم کے باپ امتیاز شاہ اور بھائی کو گرفتار کرلیا، گھر کی تلاشی میں بھاری ہتھیار بھی برآمد کرلیے، پولیس نے دو گاڑیوں کو قبضے میں لے کر تھانہ مورگاہ منتقل کردیا۔ملزم معروف پولٹری بزنس کے مالکان ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن