سرگودھا: قتل کیس کا فیصلہ‘ ایک مجرم کو سزائے موت‘ 3 بری‘ ایک اشتہاری قرار
سرگودھا (نمائندہ خصوصی)ایڈیشنل سیشن جج محمد ریاض بھٹی نے 32 سالہ نوجوان کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے ایک قاتل کو سزائے موت اور 20 لاکھ روپے معاوضہ کا حکم دے دیا جبکہ مقدمہ میں ملوث دیگر تین ملزموں کو شک کا فائدہ ددیتے ہوئے بری اور ایک ملزم کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے اس کا فیصلہ اس کی گر فتاری تک روک دیا ہے۔ زرائع کے مطابق سرگودھا کے قصبہ بھیرہ کے چک صاحب خان میں پانچ ملزموں دانش وغیرہ نے 30 مئی 2019ء کوجائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کر کے 32 سالہ محمد ذوالفقار کو قتل کر دیا۔جس پر تھانہ میانی پولیس نے مقتول کے سسر محمد اسلم کی مدعیت میں دانش،یونس،ذیشان افضل اور بشیر کے خلاف قتل کی دفعات ز 302،109 اور 34 ت پ مقدمہ درج کر لیا اور دانش ،ذیشان ،افضل اور بشیر کو گرفتار کر لیا جبکہ ملزم یونس کو عدم گرفتاری پر اشتہاری قرار دے دیا گیا۔گزشتہ روز فاضل عدالت نے ذیشان، افضل اور بشیر کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔ عدالت نے مقدمہ میں ملوث ایک ملزم یونس کو عدم گرفتاری پر عدالتی اشتہاری قرار دیدیا۔ سزا موت پانے والے دانش کو پولیس کے کٹہرے پہرہ میں سزا بھگتنے کے لئے جیل منتقل کر دیا گیا۔