سید محمد وجیہ السیماء عرفانی کا عرس شروع، آج آل پاکستان مشائخ کانفرنس ہو گی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سلسلہ چشتیہ کے عظیم المرتبت شیخ طریقت حضرت خواجہ سید محمد وجیہ السیماء عرفانی چشتی ؒ کے 33ویں سالانہ عرس کی4 روزہ تقریبات دربار عالیہ بابا عرفانی سندر شریف میں ولی عہد صاحبزادہ سیدمحمد اخیار حبیب عرفانی کی زیر نگرانی شروع ہو گئیں۔ سجادہ نشین ڈاکٹر مخدوم پیر سید محمد حبیب عرفانی نے 10 من عرق گلاب سے مزار مبارک کو غسل دے کر تقریبات کا آغاز کیا۔ سجادہ نشین مخدوم پیر سید محمد حبیب عرفانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اور اس کے رسولؐ کے احکامات کی پابندی کرنے والے اللہ کے ولی بن جاتے ہیں۔حضرت خواجہ سید محمد وجیہ السیماء عرفانی چشتیؒ نے اپنی ساری زندگیاں اللہ کی بندگی، مخلوق خدا کی خدمت اوربھٹکے ہوئے لو گوں کو سیدھی راہ دکھانے میں صرف کی۔ ہزاروں لوگ آج بھی ان کے آستانہ پر آتے ہیں اور من کی مرادیں پاتے ہیں۔ ان کی تعلیمات سے فیض یاب ہوتے ہیں۔بعد از نماز ظہر دودھ کی سبیل کا افتتاح سجادہ نشین ڈاکٹرسید محمد حبیب عرفانی نے کیا۔ گیارہویں آل پاکستان مشائخ کانفرنس بعنوان ’’حرمت قرآن مجید اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ اورمحفل سماع ہو گی۔