• news

  عمران خان قاتلانہ حملے پر نئی جے آئی ٹی کو نہیں مانتے:یاسمین راشد


لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کاکہناہے کہ عمران خان پر وزیر آباد میں قاتلانہ حملے پر نئی جے آئی ٹی کو نہیں مانتے۔ اس نئی جے آئی ٹی میں سب وہ لوگ شامل ہیں جنہوں نے حملے کے ثبوت مٹائے، رانا ثنااللہ قاتل ہیں اور وہ عمران خان کو قتل کرنا چاہتے ہیں۔ دہشت گرد تو حکومت سے پکڑے نہیں جا رہے ہمیں دہشتگرد بنا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر یاسمین راشد نے سیکرٹری اطلاعات عندلیب عباس، شانیلا علی،رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ، شنیلہ روتھ اور راجہ شکیل زمان کے ہمراہ پارٹی آفس جیل روڈ پر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی جانے والی نئی جے آئی ٹی کو مسترد کردیا۔ بولیں کہ عمران خان حملے پر پراسیکیوٹر واضح کہہ چکے ہیں کہ جے آئی ٹی میں شامل 4 لوگوں نے ثبوت غائب کئے۔ اب اس جے آئی ٹی میں وہ لوگ شامل ہیں ،سید خرم علی، احسان اللہ چوہان ، ملک طارق محبوب ، نصیب اللہ خان، کامران عادل بھی عمران خان قاتلانہ حملہ کے ثبوت مٹانے میں ملوث ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ میںکل پیٹیشن دائر کریں گے کہ نئی جے آئی ٹی نہ بنائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن