افغانستان سے پاکستان آنے والے 3 کمسن بہن بھائی دارلامان منتقل
کوہاٹ (این این آئی) افغانستان سے بھاگ کر کنٹینر میں چھپ کر پاکستان آنے والے تین کمسن افغان بہن بھائی دارالامان پہنچادیئے گئے جن کی بحفاظت واپسی کے لئے افغان قونصلیٹ سے رابطہ کیا جارہا ہے۔ باخبر ذرائع نے پولیس رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ کچھ عرصہ قبل پاک افغان سرحد طورخم کے راستے کنٹینر میں چھپ کرافغانستان سے بھاگ کر تین کمسن افغان بچے 10سالہ سمیرا‘ 8 سالہ کمین اور 6 سالہ راشد ولد عقاب پشاور پہنچے تھے جہاں سے وہ کوہاٹ آئے اور پرانا لاری اڈہ کوہاٹ میں بوٹ پالش کرکے گزر بسر کرتے تھے۔ تینوں بچے آپس میں بہن بھائی بتائے ہیںجن کے بارے افغان مہاجرین کیمپ گھمکول میں مقامی افغان رہنماؤں سے رابطہ کیا گیا تاکہ وہ افغانستان سے بھاگ کرپاکستان آنے والے بچوں کے والدین کو تلاش کرسکیں۔ بچوں کے بارے افغان قونصلیٹ سے بھی رابطہ کیا جارہاہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے فی الوقت تینوں بچوں کو کوتل تاؤن شپ کے ڈٖی اے میں واقع دارالامان ویلفیئر ہوم کے حوالے کر دیا ہے۔