8ہزار سے زائد پولیس افسر‘اہلکار پی ایس ایل ڈیوٹی دینگے
لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پرامن انعقاد کیلئے لاہور پولیس نے سکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔سربراہ لاہور پولیس نے پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز،شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کا عزم دہرایا ہے۔ پہلے سے زیادہ بہتر سکیورٹی اور ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے۔8 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی و ٹریفک ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔پی ایس ایل سکیورٹی پر 11ایس پیز، 34 ڈی ایس پیز، 443 اپر سب آرڈینیٹس، 162 لیڈی پولیس اہلکار، ایلیٹ فورس کی 43، ڈولفن سکواڈ کی 107 اور پولیس ریسپانس یونٹ کی 58 ٹیموں پر مشتمل 198 اہلکاروں کا دستہ کھلاڑیوں کو قیام گاہ سے سٹیڈیم روانگی اور واپسی پر سکیورٹی فراہم کریگا۔لاہور پولیس کے افسران پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کنٹرول روم سے کھلاڑیوں کی قیام گاہ، روٹس اور سٹیڈیم کے اطراف کی تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کریں گے۔ لاہور پولیس پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کرتی آئی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ٹیموں کی قیام گاہ، روٹ اور سٹیڈیم کے اطراف مانیٹرنگ یقینی بنائی جائیگی۔ ٹیموں کے روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔