فارم پر نہیں صرف محنت پر یقین رکھتا ہوں: محمد ر ضوان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ فرنچائز ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ میں کبھی فارم پر یقین نہیں کرتا، مجھے نہیں معلوم کہ فارم کیا ہے، نہ جاننا چاہتا ہوں۔ میرا یقین صرف محنت پر ہے، میں وہی کرتا ہوں، محنت کرتے ہیں تو اللہ اس کا صلہ بھی دیتا ہے۔ اگر کسی سے بہتر کرنا ہے تو اس سے زیادہ محنت کرنا ہوتی ہے، اگر ٹاپ پلیئر بننا ہے تو سب سے زیادہ محنت کرنا ہوتی ہے۔ فیلڈ کی محنت کے ساتھ، فیلڈ کے باہر کی محنت بھی اہم ہوتی ہے، یونس خان اور مصباح الحق کو دیکھ کر بہت کچھ سمجھا۔ان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹنگ آرڈر تبدیل ہونے کے بعد میری بیٹنگ سب کے سامنے ہے، اوپنر بننے کے بعد میری بیٹنگ کافی تبدیل ہوئی ہے۔آج بھی شیڈو پریکٹس کرتا ہوں، کوشش کرتا ہوں کہ کچھ مختلف کرتا رہوں، ہر ٹورنامنٹ میں اہداف ہوتے ہیں مگر بتاتا نہیں، اپنے تک رکھتا ہوں۔ میں نے گرائونڈ میں تو سب کو چیلج کیا ہوا ہے، لیکن محبت سب سے ہے، کسی پر غصہ کرنا اچھی بات نہیں لیکن اس کا مطلب بزدل ہونا نہیں۔ اچھی چیز حاصل کر کے تکبر نہیں کرنا چاہے، عاجزی رہنی چاہیے، اگر کوئی آنکھیں دکھاتا ہے تو اس کو بھی دکھاتے ہیں، ورنہ ہم محبت والی قوم ہیں۔ ٹورنامنٹ میں ٹیم کے آغاز سے مطمئن ہوں، ٹیم اچھا پرفارم کر رہی ہے، پلیئرز آپس میں جیل ہیں، کپتان کو یہی چاہیے ہوتا ہے۔ جو پلیئرز سے ڈیمانڈ ہے، وہ اس سے زیادہ کرکٹ دے رہے ہیں، وکٹیں اور حالات کو دیکھ کر اپنی حکمت عملی بناتے ہیں۔ کبھی کبھار ایک کھلاڑی کی سٹرینتھ ہی اس کی کمزوری بن جاتی ہے، ساری ٹیمیں کافی بیلنس ہے، اہم یہ ہے کہ میچ کے دن کون کیسا کھیلتا ہے۔ ہم نے یکطرفہ مقابلے نہیں جیتے، پھنسے ہوئے میچز نکالے ہیں، صرف کوئٹہ کا میچ ایسا تھا جس میں ہم ون سائیڈڈ جیتے ہیں۔ کوئٹہ کیخلاف احسان اللہ کے سپیل نے فرق ڈال دیا تھا، پی ایس ایل بڑی لیگ اس لیے ہے کیونکہ اس میں ہر ٹیم تگڑی ہے۔ کوئی بھی ٹیم مومینٹم حاصل کرکے سب کچھ بدل سکتی ہے، سنسنی خیز لمحات میں اعصاب پر قابو رکھنا کافی مشکل ہوتا ہے۔ ذہن میں یہ ہو کہ نتیجہ اللہ کی طرف سے ہے تو تحمل برقرار رہتا ہے، بہادری کا مظاہرہ کریں تو پریشر خود بخود کم ہوجاتا ہے۔عباس کو پہلی گیند پر چھکا لگا تو جا کر کہا کہ یہ رنز بچالیے تو ہیرو ہوجائو گے۔ شاہنواز دھانی سب سے مختلف ہے، ہر صورتحال میں خوش رہتا ہے، وہ ٹیم میں نہ ہوکر بھی ہمارے ساتھ ہے۔ میچ پر جانے سے قبل سب نے شاہنواز دھانی سے وڈیو کال پر بات کی تھی، مس کر رہے ہیں، اس کو مگر امید ہے وہ جلد صحت یاب ہو کر پہلے جیسا پرفارم کریگا۔