امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں پشرفت کو یقینی بنانے کیلئے فالواپ امور پر اتفاق ہوا:نوید قمر
اسلام آباد (خبر نگارخصوصی) وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی مذاکرات میں امریکا کو پاکستانی آموں اور کھجوروں کی برآمد میں اضافہ اور پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبہ کے لیے مزید مارکیٹ رسائی سمیت کئی اہم امور پر جامع بات چیت کی گئی۔ آئی ایم ایف پروگرام کو بحال کرنے کے لیے کیے گئے مشکل فیصلوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ دورہ امریکا کے اختتام پرواشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگومیں انہوں نے کہاکہ جن دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں پاکستان کے زرعی شعبے خاص طور پر ہائبرڈ اور موسمیاتی لحاظ سے موزوں زراعت، بیجوں کی ترقی اورپاکستانی آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کی صنعت میں معاونت شامل ہے۔ وفاقی وزیرنے پاکستان،یو ایس ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ ٹیفا کی وزارتی کونسل کے اجلاس کی شریک صدارت بھی کی۔ انہوں نے کہاکہ بعض شعبوں میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جبکہ اس کے بعد ہونے والی بات چیت کے دوران مزید پیش رفت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ سال کے وقفے کے بعد ٹیفا اجلاس کے انعقاد سے وسیع البنیاد ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور باہمی فائدہ مند تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مفاہمت اور عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ فریقین نے ٹھوس نتائج کے حصول کے لیے تمام امور پر پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے رواں سال کے دوران باقاعدہ فالو اپ مصروفیات پر اتفاق کیا ہے۔ ٹیفا کونسل کا اگلا وزارتی اجلاس 2024 کے اوائل میں اسلام آباد میں بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے پروگرام کے احیا کی باضابطہ منظوری کے بعد دوست ممالک اور بین الاقوامی بنکوں کی جانب سے معاونت کی فراہمی سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
نوید قمر