• news

وزیر اعظم کو نجم سیٹھی کا فون،پنجاب حکومت سے ہی ایس ایل معاملہ طے ،میچ شیڈول برقرار


لاہور+اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر + رانا فرحان اسلم) پنجاب حکومت اور پی سی بی کے درمیان معاملات طے ہوگئے۔ پی سی بی ٹیموں کے روٹس کی لائٹس خریدے گی۔ جس سے رواں سال اور مستقبل میں ہر سیریز میں کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔ پنجاب حکومت لائٹس کے علاوہ تمام اخراجات اٹھائے گی۔2022 میں لائٹس کی مد میں پنجاب حکومت نے لاہور میں 60 کروڑ روپے خرچ کیے تھے اور اس سال بھی یہ اخراجات 50 کروڑ روپے سے زائد تھے۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن کے لاہور اور پنڈی میں میچز کیلئے رابطہ کر لیا۔ نجم سیٹھی نے وزیراعظم کو سکیورٹی اخراجات کے معاملے پر تفصیلات سے آگاہ کیا جس پر شہباز شریف نے مکمل تعاون اور مدد کی یقین دہانی کروائی۔ ٹیلیفونک گفتگو میں سربراہ مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے شہباز شریف سے سکیورٹی مد میں پیسے دینے کا کہا۔ پی ایس ایل قومی ایونٹ ہے۔ اس کا انعقاد قومی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ پیسوں کے مطالبے سے دستبردار ہوئے تو میز کراچی میں کرانے پر مجبور ہونگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے رکن محمد نعمان بٹ نے ”روزنامہ نوائے وقت “سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پنجاب حکومت کو پچاس کروڑ روپے ادا نہیںکرے گا حکومت پنجاب کی زمہ داری ہے کہ وہ لاہور راولپنڈی میچز کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات یقینی بنائے اس ضمن میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے وزیراعظم پاکستان کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔ نعمان بٹ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کوپی ایس ایل میچز کے انعقاد سے سیلز ٹیکس کی مد میں تقریبا ایک ارب روپے کا ریونیو ملے گا دوسری جانب ذرائع کے مطابق راولپنڈی میچز کی سکیورٹی کے لئے دوسرے اضلاع سے پنجاب پولیس کے جوان سہالہ پہنچ گئے اور اسلام آباد کے معروف فائیو سٹار ہوٹل میں کھلاڑیوں کی رہائش کا بندوبست کر لیا گیا ہے۔
پی ایس ایل

ای پیپر-دی نیشن