پی ٹی آئی کے استعفوں کی منظوری حتمی، سپیکر ڈٹ گئے
اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکر آفس نے پی ٹی آئی ارکان کو ایوان میں آنے سے روکنے کی حکمت عملی طے کر لی۔تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کی بحالی کے معاملے پر سپیکر راجہ پرویز اشرف نے اپنے فیصلے سے ہٹنے سے انکار کر دیا اور ڈٹ گئے ہیں۔ ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق تحریک انصاف کے جن ارکان کے استعفے منظور ہوچکے وہی فیصلہ حتمی ہے۔ 35 میں سے کسی بھی رکن کو کل قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکام قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ مستعفی پی ٹی آئی رکن نے ایوان میں آنے کی کوشش کی تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ لاہور ہائیکورٹ یا الیکشن کمشن نے کسی پی ٹی آئی رکن کوبحال نہیں کیا۔ الیکشن کمشن نے صرف ضمنی انتخابات کا اپنا نوٹیفکیشن معطل کیا ہے۔ ذرائع قومی اسمبلی نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے بھی سپیکر کے استعفے منظور کرنے کے فیصلے کو معطل نہیں کیا اور الیکشن کمشن نے بھی کسی بھی تحریک انصاف رکن کی رکنیت بحال نہیں کی۔ ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق تحریک انصاف عدالتی فیصلے کی اپنی مرضی سے تشریح کر رہی ہے۔
سپیکر ڈٹ گئے