وزیر اعظم کی ہدایت پر کفایت شعاری مانیٹرنگ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کفایت شعاری اور سادگی پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے مانیٹرنگ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ کمیٹی میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام سید امین الحق، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق طارق بشیر چیمہ، مشیر وزیراعظم برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ، وزیر مملکت پاور ڈویڑن ہاشم نوتیزئی شامل ہیں۔ کمیٹی وفاقی کابینہ کے 22 فروری 2023 کے اجلاس میں کفایت شعاری کے حوالے سے لئے گئے فیصلوں کے نفاذ کا جائزہ لے گی۔ ہر وفاقی وزارت، ڈویژن و محکمے کا پرنسپل اکاؤنٹنگ افسر فیصلوں کے نفاذ کے حوالے سے تجاویز 27 فروری 2023ء تک اس کمیٹی کے سامنے پیش کرے گا۔