جج کے خلاف ریفرنس کی نقول سپریم جوڈیشل کونسل کے باقی ارکان کو بھی ارسال
اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کیخلاف جوڈیشل ریفرنس کی نقول سپریم جوڈیشل کونسل کے باقی4 ممبران کو بھی ارسال کر دی گئیں۔نجی ٹی وی کے مطابق میاں دائود ایڈووکیٹ نے ریفرنس کی نقول بذریعہ درخواست ارسال کیں، سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبران کو ریفرنس کی نقول برائے اطلاع ارسال کی گئیں۔میاں دائود ایڈووکیٹ نے کہا کہ معزز جج کیخلاف ریفرنس 23 فروری کو بذریعہ پوسٹ دائر کیا، سیکرٹری جوڈیشل کونسل کسی بھی ریفرنس کی نقول متعلقہ ممبران کو فراہم کرے، معلوم ہوا ہے ابھی تک ریفرنس کی نقول تمام ممبران کو فراہم نہیں کیں۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل 5 ممبران پر مشتمل ہے، باقی ممبران میں سپریم کورٹ کے جسٹس فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی شیخ اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ قیصر رشید خان شامل ہیں۔میاں داؤد ایڈووکیٹ کے مطابق جوڈیشل ریفرنس میں جسٹس مظاہر نقوی اور ان کی فیملی کے اثاثوں میں غیر قانونی اضافے کی بابت معلومات فراہم کی ہیں۔