؎راجن پور ضمنی الیکشن،پی ٹی آئی امیدوار محسن لغاری اکثریت سے کامیاب
راجن پور‘ محمد پور دیوان (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) این اے 193 راجن پور کے ضمنی الیکشن میںپی ٹی آئی کے محسن لغاری نے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق 90392 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عمار لغاری 55218 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں۔ پیپلز پارٹی کے اختر حسن 20074 ووٹوں کیساتھ تیسرے این اے 193 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ گزشتہ روز 26 فروری صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ لڑائی جھگڑوںکے معمولی ایک دو واقعات ہوئے جن کو سکیورٹی اداروں کی کاوشوں سے کنٹرول کر لیا گیا۔ ٹرن آئوٹ حیران کن طور پر 50 فیصد سے بھی بعض مقامات پر زیادہ رہا۔ ووٹرز کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ 3 لاکھ 79 ہزار 204 کے قریب ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ 11 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا‘ تاہم اصل مقابلہ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان ہوا۔ الیکشن کمشن کی جانب سے حلقے میں ووٹنگ کیلئے 237 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیا۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے 2 ہزار 650 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ رینجرز اور آرمی کے جوانوں نے بھی گشت کیا۔ واضح رہے راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔ تحریک انصاف کے کامیاب امیدوار محسن لغاری نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ اللہ تعالی کا لاکھ شکر ہے کہ کامیابی نصیب ہوئی۔ آج عمران خان جیت گئے عوام نے انہیں کامیاب کیا ہے۔ مسلم لیگ ن اور ضلعی انتظامیہ نے الیکشن میں بہت دھاندلی کی ہے۔عمران خان نے شاندار کامیابی پر محسن لخاری کو مبارکباد پیش کی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سرکاری مشینری‘ نیوٹرلز اور الیکشن کمشن کے گٹھ جوڑ کے باوجود پی ٹی آئی کامیاب ہوئی۔