ایران کی پابندیوں کے باوجود چند ہفتوں میں یورینیم افزودگی 90فیصد ہو جائے گی : امریکہ
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی خفیہ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ایران پابندیوں کے باوجود یورینیم کی 90 فیصد افزودگی سے محض چند ہفتوں کی دوری پر ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق امریکی خفیہ ادارے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں بیلسٹک میزائل کی تیاری تیز رفتاری سے جاری ہے جب کہ چند ہفتوں میں ایران یورینیم کی افزودگی 90 فیصد تک کرسکے گا۔ان خیالات کا اظہار امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے ڈائریکٹر بل برنز نے سی بی ایس کو دیے گئے انٹرویو میں کیا۔ ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ ایران کی 90 فیصد یورینیم افزودگی فوجی مقاصد کے لیے ہیں۔اٹامک ایجنسی کی جانب سے یہ بیان اْس وقت سامنے آیا ہے جب ایرانی حکام نے یورینیم کو 60 فیصد سے زیادہ افزودہ کرنے کے لیے کی گئی تبدیلیوں سے متعلق آگاہ کیا تھا۔یوکرین جنگ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈائریکٹر ’’سی آئی اے‘‘ بل برنز کا کہنا تھا کہ اگر چین، روس کو ہتھیار فراہم کرتا ہے تو اس کو نتائج بھی بھگتنا ہوں گے۔ڈائریکٹر سی آئی اے کا کہنا تھا کہ چین اس وقت روسی افواج کو مہلک جنگی سازوسامان فراہم کرنے پر غور کر رہا ہے تاہم ابھی تک ترسیل کا آغاز نہیں ہوا ہے۔تائیوان سے متعلق امریکی پالیسی پر بل برنز کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں ہمیں تائیوان کے حتمی کنٹرول کے حوالے سے شی جنپنگ کے عزائم کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہیتاہم اس کا مطلب چین کے ساتھ فوجی محاذ آرائی نہیں۔
امریکہ