• news

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام چھٹے سالانہ ایلومنائی گالا ڈنر 

لاہور( نیوز رپورٹر) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام چھٹے سالانہ ایلومنائی گالا ڈنر کا انعقاد کیا گیا۔چھٹے سالانہ ایلومنائی گالا ڈنر کی تقریب تاریخی لائبریری ہال پٹیالہ بلاک کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ریٹائرڈ پروفیسرز، اساتذہ اور ایلومنائیز کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں پروفیسر عبدالحفیظ خان، پروفیسر محمد زبیر، ڈاکٹر محمد یقین کو دکھی انسانیت کی خدمت اور متعلقہ شعبوں میں بہترین خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب میں سابقہ پرنسپل کنگ ایڈورڈ پروفیسر خواجہ محمد صادق حسین، صدر سی پی ایس پی پروفیسر محمد شعیب شفیع، نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور سرجن جنرل پاکستان لیفٹیننٹ جنرل محسن قریشی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیسر ارشاد حسین قریشی، پروفیسر اختر سہیل چغتائی، پروفیسر خالد مسعود گوندل موجود تھے اور سٹیج سیکرٹری کے فرائض پروفیسر محمد امجد نے سرانجام دئیے۔ تقریب میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی قابل فخر ایلومینائی کی کثیر تعداد موجود تھی۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی نے شاندار تقریب کا انعقاد کیا ہے ۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے یونیورسٹی میں جاری طبی، تحقیقی اور ترقیاتی منصوبوں بارے شرکاء کو آگاہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن