اشرافیہ کی ہوشربا مراعات معیشت پر بوجھ ہیں: شاہد اسلم
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)انجمن تاجران اسٹیڈیم شاپنگ سنٹر کے صدر میاں شاہد اسلم جالندھری اور جنرل سیکرٹری محمد احمد نے کہا ہے کہ اشرافیہ کی ہوشربا مراعات معیشت پر بوجھ ہیں،یہ سلسلہ فوری بند کیا جائے مقروض ریاست کی نحیف معیشت مزید یہ بوجھ اٹھانے کی متحمل نہیں ہوسکتی ایک طرف ہوشربا مہنگائی اوردوسری طرف ہوشربا مراعات یہ تضادات ناقابل فہم اور ناقابل برداشت ہیں عوام کااپنے بنیادی حقوق کیلئے بلکنا اورحکمران اشرافیہ کاقومی وسائل پرعیش کرنا اندوہناک ہے سوشل میڈیا پرشدید تنقیدکے باوجود حکمران اشرافیہ اپنی غیرمعمولی مراعات سے دستبردارہونے اور عوام کااحساس کرنے کیلئے تیار نہیں، صحافیوں سے مشترکہ گفتگو کرتے ہوئے ان تاجر رہنماؤں نے کہا کہ عوامی نمائندے خادمین کی بجائے مخدومین بنے ہوئے ہیں، عوام کے ٹیکسز عام آدمی کی بجائے اشرافیہ پرصرف کرناکہاں کاانصاف ہے اشرافیہ کی مراعات پرپابندی عائدہونے سے بڑے پیمانے پرقومی وسائل کی بچت ہوگی جبکہ عوام کی محرومیوں کاکسی حدتک مداواممکن ہوگا،انہوں نے کہا کہ ہروہ سرمایہ دار جس کاسرمایہ بیرون ملک بنکوں میں پڑا ہے وہ اس کی وطن واپسی یقینی بنائے اس سے قومی معیشت کواستحکام جبکہ ہمارے ہنرمندوں سمیت کئی ملین بیروزگاروں کوباعزت روزگار ملے گااگرآئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پرمعاشی فیصلے ہوتے رہے توہم شایدکئی دہائیوں تک بندگلی سے باہرنہیں نکل سکتے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی میدان میں خودکفیل بنانے کیلئے آئی ایم ایف کا شکنجہ توڑنا ہوگا۔