قومی ترقی کیلئے وزیروںسے مراعات واپس لی جائیں: ارشد ہاشمی
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما بزرگ سیاستدان پیر سید ارشد ہاشمی نے کہا ہے کہ غریب عوام سے قربانی کی توقع کرنے والے حکمران پہلے خود کفایت شعاری اپنائیں قومی ترقی اور خوشحالی کیلئے مراعات یافتہ طبقات سے مراعات واپس لی جائیں،سیاسی اشرافیہ بھی عام آدمی کی طرح جینا شروع کردے تو ملک و قوم کے حالات تیزی سے تبدیل ہوسکتے ہیں، ہماری معاشی اوراقتصادی گراوٹ کے ذمہ دار ہمارے حکمران طبقات ہیں جنہوں نے اپنی جیبیں بھرنے کیلئے بین ا لاقوامی مالیاتی اداروں سے بھاری بھرکم قرض لئے مگر ان کی ادائیگی کا بوجھ عام آدمی پر ڈال دیا گیا ہے، اپنے ایک بیان میں پیر سید ارشد ہاشمی نے کہا کہ عمران خان اس ظالمانہ نظام کا خاتمہ اور غیر ملکی آقاؤں کے غلام امپورٹڈ حکمرانوں سے نجات کی جدوجہد کررہے ہیں جس میں پوری قوم کو ان کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا یہ وقت اپنے مستقبل کو روشن وتابناک بنانے کیلئے میدان عمل میں اترنے کا ہے ورنہ ہمیں غلامی و محکومی سے کبھی نجات نہیں ملے گی، انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی حقیقی آزادی و خود مختاری کیلئے پی ٹی آئی کی جاری جدوجہد ضرور رنگ لائے گی عمران خان انتقامی کاروائیوں سے گھبرانے یا خوفزدہ ہونے والے نہیں وہ اپنے اصولی موقف پر ڈٹ کر کھڑے ہیں انہیں جھکایا نہیں جاسکتا۔