سیکرٹری ہاکی فیڈریشن حیدرحسین سے بزنس مین جعفر حسین کی ملاقات
لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل حیدر حسین سے دبئی میں مقیم پاکستانی نژاد بزنس مین جعفر حسین نے پی ایچ ایف ہیڈ کوارٹر لاہور میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پی ایچ ایف سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے پی ایچ ایف اور لاہور قلندر کے زیر اہتمام قلندر پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے بتایا۔انہوں نے کہا کہ رمضان میں انڈر 20 قلندر ہاکی چیمپئن شپ منعقد کرارہے ہیں۔ مذکورہ ایونٹ سے 40 کھلاڑی جونیئر کیمپ کیلئے منتخب کریں گے،بعد ازاں منتخب جونیئر کھلاڑی ملائیشیا میں سیریز کھیلیں گے اور ایشیا جونیئر ہاکی کپ میں حصہ لیں گے۔ جعفر حسین نے حیدر حسین کو پی ایچ ایف سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جس انداز سے لاہور قلندر قومی کھیل ہاکی کی ترقی و ترویج میں اپنا کردار ادا کررہی ہے ہم سب کو چاہیے قومی کھیل کی بحالی میں اپنا حصہ ڈالیں،کراچی میں منعقد ٹرائلز میں بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کی شرکت نے دھوم مچادی جس پر لاہور قلندر اور پی ایچ ایف مبارکباد کے مستحق ہیں، ہم دبئی کے بزنس کمیونٹی اور اپنی جانب سے جونیئر ایشیا ہاکی کپ کی تیاریوں کے حوالے سے دبئی میں تربیتی کیمپ کرانے کی آپکو پیشکش کرتے ہیں،جس کے تمام سفری ویزہ و کھانے پینے سے لیکر رہائش دیگرتمام اخراجات ہم برداشت کریں گے تاکہ ہاکی کی بحالی میں ہم بھی اہنا حصہ ڈالیں مزکورہ کیمپ ایک ماہ کیلئے منعقد کیا جائیگا۔ حیدر حسین نے شکریہ اد کرتے ہوئے کہا اس وقت قومی کھیل کو اسی جذبے کی ضرورت ہے اگر یہ جذبہ ہم سب میں آگیا تو قومی کھیل دوبارہ اپنے عروج کی جانب گامزن ہوگا۔آخر میں پی ایچ سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے معروف بزنس مین جعفر حسین کو روایتی تحفہ اجرک پیش کی۔