سعودی عرب یوکرائن کو 40کروڑ ڈالر دیگا 58ارب یورو کے روسی اثاثے منجمد
کیف‘ ریاض‘ برسلز (اے پی پی+ نیٹ نیوز) سعودی عرب نے یوکرائن کی امداد کے لئے 40 کروڑ ڈالرکے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب جنگ زدہ ملک کو انسانی امداد کے طورپر40 کروڑ ڈالر نقدی یا مصنوعات کی شکل میں مہیا کرے گا۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں سعودی وفد نے یوکرائنی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے کیف میں ان کی صدارتی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا شہزادہ فیصل بن فرحان نے ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور کے علاوہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ بیلجیئم نے یورپی یونین کی جانب سے لگائی گئی اقتصادی پابندیوں کے فیصلے کے بعد 58 ارب یورو سے زیادہ کے روسی اثاثے منجمد کئے ہیں۔ یوکرائن کے صدر ولادیمر زیلنسکی نے مشرقی علاقے ڈونباس میں یوکرائن کی مشترکہ افواج کے کمانڈر ایڈورڈ موسکالیوف کو عہدے سے برطرف کر دیا‘ تاہم اس اقدام کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ روس نے پولینڈ کو دوروزبا پائپ لائن تیل کی سپلائی روک دی۔ امریکی جاسوس ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے کہاکہ روس یوکرائن کو شکست دینے کے لئے پر اعتماد ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہاکہ روسی صدر پیوٹن یوکرائن کو زیر کرنے کےلئے اپنی فوجی صلاحیت کے حوالے سے پر اعتماد ہیں اور یورپی اتحادیوں کو تھکا دینے کے لیے ہر طرح کا حربہ استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس پہنچنے والے نقصانات، حکمت عملی کی کوتاہیوں، اقتصادی نقصان اور بری شہرت کے باوجود جنگ جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔ امریکہ ہرحال میں یوکرائن کے ساتھ کھڑا ہے۔
یوکرائن