کشتی حادثہ ہلاکتیں 59، 16پاکستانی بچ گئے ایجنٹوں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل
گجرات اسلام آباد (نامہ نگار + این این آئی+ خبر نگار خصوصی+خصوصی نامہ نگار) اٹلی میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعہ میں ہلاکتیں 59 ہو گئیں۔ روم میں پاکستان کے سفارت خانے نے ورثا کیلئے ہیلپ لائن قائم کر دی۔ معلومات کے لیے واٹس ایپ نمبر 393898716588 + پر رابطہ کر سکتے ہیں۔40 پاکستانی سوار تھے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بارہ بچے بھی شامل ہیں۔ کشتی میں سوار 28 پاکستانی شہری بھی ڈوب گئے تھے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشتی میں سوار 20 سے 30 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ اندازے کے مطابق کشتی میں 150 سے 200 تارکین وطن سوار تھے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے اٹلی میں کشتی الٹنے کے واقعے میں جاں بحق پاکستانیوں کے لواحقین سے رابطہ کر کے تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واقعہ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہو گی۔ ایجنٹس کی گرفتاری کیلئے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔ افسوسناک واقعے میں ملوث تمام سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اٹلی میں کشتی حادثے میں دو درجن سے زائد پاکستانیوں کے ڈوبنے پر افسوس کرتے ہوئے دفتر خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ جلد حقائق سے قوم کو آگاہ کرے۔ ادھر روم میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے کشتی حادثہ میں بچ جانے والے 16 پاکستانیوں سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانویں کے کیس کی بھرپور طریقے سے پیروی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحری جہاز کے حادثے میں بچنے والے پاکستانی بہتر جسمانی حالت میں لگ رہے ہیں‘ زندہ بچنے والے پاکستانیوں کے مطابق جہاز پر 20 پاکستانی سوار تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سفارت خانہ اطالوی حکام سے 4 لاپتہ پاکستانیوں کی تصدیق کے لئے قریبی رابطے میں ہے۔ گجرات کے تین نوجوان بھی موت کی وادی میں چلے گئے‘ جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت 22سالہ حسنین عارف سکنہ دلاانوالہ ، محمد علی سکنہ بھوجپور کڑیانوالہ، محمد انصر سکنہ کھمبی سرائے عالمگیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ تینوں نوجوان غیر قانونی طور پر اٹلی اور یونان جاتے ہوئے کشتی حادثے میں جاں بحق ہوئے۔ حادثہ کی خبر گھروں میں پہنچنے صف ماتم بچھ گئی‘ نوجوانوں کے والدین ، رشتے دار اور اہل علاقہ ان کی نعشوں کے منتظر ہیں۔ مرنے والے نوجوانوں کے والدین نے حکومت سے ان کی میتیں وطن واپس لانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہماری ڈھارس بندھانے کیلئے ہمارے جگر کے ٹکڑوںکی تدفین پاکستان میں ممکن بنانے کیلئے اقدامات کرے۔
اٹلی کشتی حادثہ