• news

وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات‘ مضبوط پاکستان سب کی ترجیح ہونا چاہئے: گورنر

 لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گزشتہ روز آج یہاں گورنر ہاﺅس لاہور میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سندھ میں سیلاب زدگان کی بحالی ، تعلیم کے فروغ اور سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ اتحادی حکومت نے مشکل حالات میں حکومت کی ذمہ داری لی اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت باہمی اتحاد، جذبہ حب الوطنی اور جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مضبوط پاکستان ہی ہم سب کی اولین ترجیح ہونا چاہئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت اس وقت بہت سے چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔حکومت کو سیلاب متاثرین کی بحالی،ملک کے معاشی حالات و دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔ ملک کے حالات کے پیش نظر ایک سیاسی جماعت کے علاہ تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ الیکشن پورے ملک میں ایک ہی وقت پر ہوں۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لیے گھروں کی تعمیر شروع کردی ہے۔ وزیر اعلی نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات میں اضافہ کیا گیا ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو گورنر ہاﺅس کے مختلف حصوں کا وزٹ بھی کروایا۔
گورنر ملاقات

ای پیپر-دی نیشن